You are currently viewing اپوزیشن کو بلیک میل کیا جارہا ہے،ایاز صادق کو آج سے اسپیکر نہیں مانتا، عمران خان

اپوزیشن کو بلیک میل کیا جارہا ہے،ایاز صادق کو آج سے اسپیکر نہیں مانتا، عمران خان

اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب  کرتے ہوئے کہا کہ سردار ایاز صادق جانبدار ہیں ،وہ انکو آج سے اسپیکر کہنے کے بجائے انکا نام لیں گے ،انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو بلیک میل کیا جارہا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان آج پارلیمنٹ ہاؤس پہنچے جہاں انہوں نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کی۔انہوں نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ صرف انتخابات کرا دینے سے ملک میں جمہوریت نہیں آتی بلکہ  صاف اور شفاف انتخابات کرانے  سے ملک میں  جمہوریت مضبوط ہوتی ہے۔2013 میں ملک کی 22جماعتوں نے الیکشن میں دھاندلی کی شکایت کی، جب تک کسی کو سزاہی نہیں ملے گی تو جتنی چاہیں الیکشن اصلاحات کرلیں کوئی فائدہ نہیں ہے۔

عمران خان نے اسمبلی میں واضح کیا کہ وزیر اعظم کی نا اہلی  خلاف جمع کروائے جانے والے ریفرنس کے ساتھ کمزور دستاویز پیش کی گئیں  اور اسے مسترد کردا گیا جبکہ تحریک انصاف کے 2رہنماؤں کے خلاف جمع کروائے جانے والے ریفرنس کے ساتھ ٹھوس شواہد پیش کردیے گئے جس کے بعد ایاز صادق کی  اہلیت پر سوال اٹھتے ہیں ۔

چیئرمین پی ٹی آئی  نے کہا کہ  اسپیکر کا عہدہ غیر جانبدار ہوتا ہے لیکن ایاز صادق جانبداراسپیکر  ہیں لہٰذامیں انہیں  آج سے اسپیکر نہیں مانتا اور اب میں انکا نام لیا کروں گا۔

عمران خان نے  اسمبلی میں پانامہ پیپرز کی شفاف تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا انکا کہنا تھا کہ ‘ ہم یہاں وزیر اعظم کے خلاف تفتیش کا مطالبہ کر رہے ہیں اور وزیر اعظم فیتے کاٹتے پھر رہے ہیں’۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگر ہم نے حکومت کی کرپشن کے خلاف بولنا بند کردیا تو ہمارے  خلاف بھی دیگرطرح کی جاری تحقیقات کو ختم کریا جائے گا مگر ہم بولنا بند نہیں کریں گے۔عمران خان کے خطاب کے بعداپوزیشن نے قومی اسمبلی کے اجلاس سے واک آؤٹ کردیا۔

نیوز پاکستان

Exclusive Information 24/7