کراچی (اسٹاف رپورٹر ) اسلام آباد میں پی ٹی آئی کارکنان کی گرفتاری سے متعلق کراچی گورنر ہاؤس کے باہر تحریک انصاف کارکنان کی جانب سے علامتی دھرنا دیا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کارکنان گورنر ہاؤس کے سامنے سڑک پر بیٹھ گئے اور علامتی دھرنا شروع کردیا ،پی ٹی آئی رہنما عارف علوی اور خرم شیر زمان بھی گورنر ہاؤس کے باہر دیے جانے والے علامتی دھرنے میں پہنچ گئے ۔
اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما عارف علوی کا کہنا تھا گورنر عشرت العباد سندھ میں وفاق کے نمایندے ہیں، تحریک انصاف کارکنان کی گرفتاری سے متعلق گورنر سندھ کو یاداشت جمع کرائے گی یادداشت کے متن میں درج کیا گیا ہے وفاقی دارلحکومت میں عوام کے جمہوری حق کو پامال کیا گیا ،جبکہ کارکنان کی گرفتاری کا عمل اور ان پر کیا جانے والا تشدد زیادتی کے زمرے میں آتا ہے۔
پی ٹی آئی دھرنا دیے جانے کے کچھ دیر بعد گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نےگورنر ہاؤس سے باہر آکر پی ٹی آئی رہنماؤ ں سے بات چیت کی اور تحریک انصاف کی جانب سے پیش کی گئی یادداشت کو وصول کیا اس موقع پر گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ وفاق کا نمائندہ ہوں پی ٹی آئی کی یادداشت وفاق تک پہنچاؤں گا ۔
یادادشت کی وصولی کے بعد تحریک انصاف کارکنان کی جانب سے دیا گیا دھرنا ختم کردیا گیا ۔