چمن(ڈیسک)افغان فورسز کی جارحیت کے بعد پاک افغان باب دوستی آج ساتویں روز بھی بند ہے ،پاک افغان فورسز کے درمیان فلیگ میٹنگ آج ہوگی۔
ذرائع کے مطابق افغان فورسز کی جارحیت کے بعد پاک افغان باب دوستی آج ساتویں روز بھی بند ہے جبکہ دونوں ممالک کی فورسز کے درمیان فلیگ میٹنگ آج ہوگی ۔چمن بارڈر کی بندش کےباعث پاک افغان دوطرفہ تجارت اور پیدل آمدورفت بھی بند ہے۔سرحدی حد بندی سے متعلق رپورٹس کابل اور اسلام آباد کو موصول ہو چکی ہیں، ان جیالوجیکل سروے رپورٹس پر آج یا کل فیصلہ آنے کا امکان ہے، افغان جارحیت سے متاثرہ علاقوں کلی لقمان اور کلی جہانگیر میں مردم شماری کا رکا ہوا کام تاحال شروع نہیں کیا جاسکا۔پاک افغان فورسزکےدرمیان آج فلیگ میٹنگ ہوگی، چمن میں معمولات زندگی بحال ہوگئے ہیں، کاروباری مراکز اور تمام سرکاری ونجی تعلیمی ادارے بھی کھل گئے ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز چمن کےگاؤں کلی لقمان،کلی جہانگیر میں افغان فورسز نے مردم شماری کی ٹیم پر فائرنگ اور گولہ باری کی، جس کے نتیجے میں 10 افراد شہید اور 45زخمی ہوگئے تھے۔