کراچی(اسٹاف رپورٹر) یوم دفاع پاکستان کے موقع پرہدایتکارعاشرعظیم کو تحفہ مل گیا۔ فلم مالک پر عائد پابندی کو سندھ ہائی کورٹ نے بے بنیاد قرار دے دیا۔
فلم مالک کی نمائش پر عائد پابندی سے متعلق درخواست کی سماعت میں سندھ ہائی کورٹ نے پابندی کو غیرقانونی قرار دیتے ہوئے فلم کو ملک بھرمیں ریلیز کرنے کا حکم دے دیا۔
ہدایتکارعاشرعظیم نے اپنی درخواست میں یہ مؤقف پیش کیا تھا کہ فلم مالک پر پابندی کا کوئی جواز نہیں ہے ،یہ معاشرتی مسائل اور حقائق پر مبنی فلم ہے۔ صوبائی اور وفاقی سینسر بورڈزسے اجازت اور تمام قانونی تقاضے پورے کرکے فلم کو ریلیز کیاگیا تھا جس کے بعد حکومت کی جانب سے پابندی عائد کر دینا غیر قانونی ہے۔
سندھ ہائیکورٹ کےدو رکنی بینچ نے پابندی کو کالعدم قراردیتے ہوئے فلم کو فوری طور پر ملک بھر میں ریلیز کرنے کا حکم جاری کردیا جس پر عاشر عظیم نے عدالتی فیصلہ فلم کے حق میں آنے پر دلی خوشی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ آج انصاف کی جیت ہوچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ فلم کو جلد از جلد سینما گھروں کی زینت بنایا جائے گا۔ سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں خوشی کا اظہارکرتے ہوئے عاشر عظیم نے کہا کہ ہم جیت گئے، فلم مالک کو غیر قانونی طور پر ریلیز نہیں کیا گیاتھا لیکن ہم نے تحمل سے انتظارکیا اور اب فلم مالک کو پاکستان میں نمائش کی اجازت دے دی گئی۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے کوئی ٹھوس وجہ بتائے بغیر فلم ’مالک‘ کا سینسر سرٹیفیکیٹ منسوخ کردیا تھا اور ملک بھر میں فلم کی نمائش پر پابندی عائد کی تھی جبکہ وفاقی وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب نوٹیفیکیشن جاری کیا گیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ موشن پکچرز آرڈیننس 1979 کے سیکشن 9 کے تحت حاصل اختیارات کے تحت فلم مالک کا سینسر سرٹیفیکیٹ واپس لیا جارہا ہے اور ملک بھر میں فلم کی نمائش پر پابندی عائد کی جا رہی ہے۔