کراچی(اسٹاف رپورٹر) گزشتہ ہفتے پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں شیدید مندی کا رجحان رہا جس کی وجہ تھی بروکرز کے خلاف ایس ای سی پی کے اقدامات اور امریکا کی امیگریشن سے متعلق پابندیاں۔
تفصیلات کے مطابق ستائیس جنوری کو تاریخ کی بلند ترین سطح پچاس ہزار آٹھ سو چھیاسی پر پہنچنے والی پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے مندی کا رجحان رہا۔ کاروباری ہفتے کے دوران ٹریڈنگ قوانین کی خلاف ورزی پر چند بروکرز کی ٹریڈنگ معطل کی گئی تو مارکیٹ میں بھونچال آگیا۔ مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے پہلے ہی روز نو سو سے زائد پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی جبکہ امریکا کی پاکستان سے متعلق پابندی کی متضاد خبریں مارکیٹ پرمنفی اثر ڈالتی رہیں۔ مجموعی طور پرایک ہفتے میں مارکیٹ چار سو پوائنٹس کمی سے اننچاس ہزار پانچ سو پچپن کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔