You are currently viewing ڈونلڈ ٹرمپ کا  سعودی فرمان روا سے  ٹیلیفونک  رابطہ

ڈونلڈ ٹرمپ کا سعودی فرمان روا سے ٹیلیفونک رابطہ

الریاض ( امجد قائم خانی ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعے کے روز سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ٹیلیفون پر رابطہ کر کے انہیں شام میں عسکری اہداف پر امریکا کے میزائل حملے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ شاہ سلمان نے امریکی کارروائی کو سراہتے ہوئےکہا کہ یہ خطے اور دنیا بھر کے مفاد میں ہے، اس موقع پر دونوں رہنماؤں کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے علاوہ خطے اور عالم کی صورت حال بھی زیر بحث آئی۔

اس سے قبل سعودی وزارت خاجہ کے ذرائع نے جمعے کے روز شام میں عسکری اہداف کے خلاف امریکی فوجی کارروائیوں کے لیے مملکت سعودی عرب کی مکمل تائید کا اظہار کیا تھا۔ یہ امریکی کارروائی شامی حکومت کی جانب سے بے قصور شہریوں کے خلاف کیمیائی ہتھیار کے استعمال کیے جانے کے بعد کی گئی۔ کیمیائی حملے میں درجنوں افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے جن میں عورتیں اور بچے شامل ہیں۔ العربیہ کے مطابق وزارت خارجہ کے ذرائع نے شام کے اس نوعیت کی فوجی کارروائی کا نشانہ بننے کا ذمے دار شامی حکومت کو ٹھہرایا اور امریکی صدر ٹرمپ کے اس دلیرانہ فیصلے کی حمایت کی جو شامی حکومت کی جانب سے اپنے عوام کے خلاف بدترین جرائم کا منہ توڑ جواب ہے۔

واضح رہے کہ امریکی بحریہ کے دو جنگی جہازوں نے جمعے کو علی الصبح شام کے اندر حمص میں الشعیرات کے عسکری اڈے پر ٹوماہاک نوعیت کے 59 کروز میزائل داغے تھے۔

Staff Reporter

Rehmat Murad, holds Masters degree in Literature from University of Karachi. He is working as a journalist since 2016 covering national/international politics and crime.