You are currently viewing افغانستان،ایران اور سعودی عرب بھی سی پیک منصوبے میں شمولیت اختیار کرنے کے خواہشمند

افغانستان،ایران اور سعودی عرب بھی سی پیک منصوبے میں شمولیت اختیار کرنے کے خواہشمند

اسلام آباد(اسٹاف رپورٹر) افغانی سفیر عمر زاخیل وال کا کہنا ہے کہ پاک چین کے درمیان سی پیک منصوبہ افغانستان کے لیے بھی نہایت  ضروری ہے جبکہ سی پیک کا حصہ بن کر افغانستان کئی سالوں سے جاری جنگ کی تباہ کاریوں کا ازالہ کرسکتا ہے۔

سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق پاکستان میں متعین افغان سفیر عمرزاخیل کا پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے میں شامل ہونے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہنا  تھا کہ سی پیک منصوبہ ایک عظیم منصوبہ ہے جو نہ صرف پاکستان بلکہ افغانستان کے لیے بھی انتہائی ضروری ہے،جو چیز پاکستان کےلیے اچھی ہے وہ پورے خطے کے لیے بھی فائدہ مند ہوگی اور  افغانستان اس عظیم منصوبے کا حصہ بن کر ملک میں جاری کئی عشروں پر محیط جنگ کی تباہ کاریوں اور نقصانات کاازالہ کرسکتا ہے۔

واضح رہے کہ کچھ عرصہ  قبل ایرانی صدر نے بھی وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات میں پاک چین راہداری منصوبےکا حصہ بننے کی خواہش کا اظہار کیا تھا جبکہ سعودی عرب بھی اس منصوبے میں شامل ہونے کا خواہاں ہے۔