You are currently viewing وزیر اعلیٰ قائم علی شاہ نے پیپلز پارٹی کواستعفیٰ پیش کردیا

وزیر اعلیٰ قائم علی شاہ نے پیپلز پارٹی کواستعفیٰ پیش کردیا

کراچی(اسٹاف رپورٹر)  قائم علی شاہ نے پارٹی کواپنا استعفیٰپیش کردیا جبکہ پیپلز پارٹی کی جانب سے  صوبہ سندھ میں سائیں سرکار کی جگہ نیا وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کو نامزد کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق 25 جولائی کو پاکستان پیپلز پارٹی نے  صوبہ سندھ کے وزیر اعلیٰ کی  تبدیلی اور سندھ کابینہ میں ردو بدل کا فیصلہ کیا تھا۔

منگل کو کراچی میں اجلاس کے بعد کی جانے والی پریس کانفرنس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو نےبتایا کہ وزیراعلیٰ کی تبدیلی چیئرمین اور کو چیئرمین کا استحقاق تھا اور کافی عرصے سے اس کے لیے مشاورت ہو رہی تھی

مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو نے صحافیوں کے تنقیدی سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ  سید قائم علی شاہ کی خدمات کو نہیں بھلایا جا سکتا اور پیپلز پارٹی سے ان کا رشتہ قائم رہے گا وزیراعلیٰ کے عہدے سے ہٹا کر قائم علی شاہ کی توہین نہیں کی گئی 11 سال تک پارٹی کو ان پر اعتماد رہا اور حالیہ فیصلے کا اعلان مکمل مشاورت کے بعد کیا گیا ہے۔

اان کا مزید کہنا تھا کہ  ابھی سندھ کابینہ میں تبدیلی پر کوئی فیصلہ نہیں ہوا تاہم جب قانون کے مطابق وزیراعلیٰ استعفیٰ دیں گے تو کابینہ تحلیل ہو جائے گی۔

قائم علی شاہ تین مرتبہ وزیراعلیٰ سندھ کے منصب پر فائز رہ چکے ہیں، وہ 1988، 2008 اور 2013 کے عام انتخابات کے بعد اس منصب پر فائز ہوئے تھے ۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے گذشتہ دنوں تمام صوبوں کی پارٹی تنظیموں کو بھی توڑ دیا تھا اور پارٹی کی تنظیِم نو کے لیے رابطہ کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی تھیں۔

واضح رہے کہ سابق وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے میڈیا کو دیئے جانے والے بیانات میں پارٹی کے فیصلے سے اتفاق کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ پارٹی قیادت جو بھی فیصلہ کرے گی منظور ہوگا۔