اسلام آباد(اسٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ پرویز خٹک صاحب سمیت ہر سیاسی لیڈر کو خوش آمدید کہتے ہیں ن لیگ نے ساڑھے تین سال کسی دھرنی یا جلسی میں بھی رکاوٹ نہیں ڈالی۔
پولیس لائن اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرداخلہ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک سے 40 سال پرانی دوستی ہے لیکن کل جلسے میں جو اعتراضات کیے اس پر افسوس ہے، ہم ملک میں امن چاہتے ہیں انتشار نہیں، لیکن وہ اپنے ساتھ مسلح گارڈز کو لائے تھے، پرویزخٹک جب بھی وزیراعلیٰ کے طور پر آئیں گے انہیں مکمل پروٹو کول دیں گے لیکن اگر انتشار پھیلانے آئیں گے تو ان کا حشر پتھر گڑھ والا ہوگا۔ وزیر داخلہ نے پرویز خٹک کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ایف سی صرف پاکستان کی فورس ہے یہ نہ خیبر پختونخوا ، نہ پنجاب اور نہ سندھ کی ہے لہذا سیکیورٹی اداروں کو سیاست میں نہ گھسیٹا جائے۔
چوہدری نثار نے اپنے خطاب میں پولیس کی کارکردگی کو بے حد سراہا اور ملک میں امن و امان کی بہتر صورتحال برقرار رکھنے پر تمام اہلکاروں کو مبارکباد پیش کی جبکہ وزیرداخلہ کا مزید کہنا تھا کہ میں نے پہلے بھی کہا تھا کہ یہ کسی کی جیت یا ہار نہیں لیکن عمران خان نے دھرنا ختم کر کے اچھا فیصلہ کیا، بحیثیت وزیرداخلہ مجھے پولیس کے مسائل معلوم ہیں جب کہ عوام نہیں جانتے کہ پولیس اور سکیورٹی فورسز کس ماحول میں کام کرتے ہیں۔