لندن (ڈیسک) چیمپئنز ٹرافی کے دوسرے سیمی فائنل میں انڈین ٹیم نے بنگلا دیش کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کر لی ہے جہاں اتوار کو اس کا مقابلہ روایتی حریف پاکستان سے ہوگا۔
بنگلادیش نے بھارت کو جیت کے لیے 265کا ہدف دیا تھا، جو کہ بھارت نے 40اعشاریہ 1اوورز میں صرف ایک وکٹ کے نقصان پر265رنز بناکر حاصل کرلیا۔بھارتی اوپنر روہت شرما شاندار 123اور کپتان ویرات کوہلی 96پر ناٹ آئوٹ رہے، اس سے قبل ایجبسٹن برمنگھم میں کھیلے گئے اس میچ کا ٹاس بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے جیت کر پہلے بنگال ٹائیگرز کو بیٹنگ کی دعوت دی، تاہم ابتدا میں یہ ٹائیگرز کے لیے سودمند ثابت نہ ہوسکا اور صرف 31پر دو صف اوّل کے بنگلادیشی بیٹسمین پویلین لوٹ گئے۔اس موقع پر تمیم اقبال 70اور وکٹ کیپر بیٹسمین مشفق الرحیم 61کے درمیان 123کی شاندار شراکت کے باعث بنگلادیش کی پوزیشن مستحکم ہوئی اور ٹائیگرز نے اپنے مقررہ 50اوورز میں 7وکٹوں پر 264کا مجموعہ ترتیب دیا۔ بھارت نے جب 264کے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو ابتدا ہی سے یہ واضح ہو گیا کہ میچ یک طرفہ ثابت ہوگا۔بھارت کی پہلی وکٹ 87پر شیکھر دھون46پر بنگلادیشی کپتان مشرفی مرتضیٰ کی گیند پر مصدق کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے، جس کے بعد کپتان کوہلی اور روہت شرما کے درمیان 178کی ناقابل شکست شراکت قائم ہوئی۔اس دوران بنگلادیشی بولروں نے ہر ممکن کوشش کی کہ کسی طرح اس شراکت کو توڑا جائے مگر وہ ناکام رہے اور یوں روہت شرما 123(ناٹ آئوٹ)اور کپتان ویرات کوہلی 96 (ناٹ آئوٹ) نے اپنی ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کرادیا۔
اب بھارت اور پاکستان کے درمیان ایونٹ کا فائنل اتوار 18جون کو کھیلا جائے گا