You are currently viewing دہشتگردی کا خطرہ، کوئٹہ کے تمام تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ

دہشتگردی کا خطرہ، کوئٹہ کے تمام تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)دہشتگردی کے پیش نظر  محکمہ داخلہ بلوچستان  نے صوبائی  دارلحکومت کے تمام تعلیمی ادارے ایک ہفتے کے لیے بند کرنے کا حکم دے دیا۔

محکمہ داخلہ بلوچستان کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق مخصوص تعلیمی اداروں کو دہشت گردوں کی جانب سے نشانہ بنانے کا امکان ہے لہذٰا تمام تعلیمی اداروں میں تعلیمی سرگرمیاں ایک ہفتے کےلئے مکمل طور پر معطل کردی جائیں جبکہ ڈی ای او کوئٹہ کی جانب سے تعلیمی اداروں کو بھجوائے گئے مراسلے میں ہدایات کی گئی ہیں کہ امن و امان کی خراب صورتحال  اور  ناقص سیکیورٹی انتظامات کے پیش نظر اسکولوں کی حفاظت پر مامور اہلکار اردگرد کے ماحول پر نظر رکھیں اور بغیر شناخت کسی بھی شخص کو اسکول میں داخل نہ ہونے دیا جائے،اسکول میں داخل ہونے کے بعد کسی بھی طالب علم کو باہر جانے کی اجازت نہ دی جائے۔

دوسری جانب کیتھولک بورڈ آف ایجوکیشن نے بھی تمام تعلیمی اداروں کو بند کرنے کا اعلان کردیا ہے جبکہ آئی ٹی ، اور ویمن یونیورسٹی کی انتظامیہ کے مطابق تدریسی عمل کو جزوی معطل کردیا گیا ہے اسی لئے  طلبہ و طالبات کےلیےیونیورسٹی بسیں نہیں چلائی گئیں۔