کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پولیس ٹرینگ سینٹر کے سانحہ پر بلوچستان حکومت کی جانب سے تین روزہ سوگ کا اعلان کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات کوئٹہ میں پولیس ٹریننگ سینٹر پر حملے کے نتیجے میں 61 اہلکاروں کی شہادت پر وزیراعلیٰ بلوچستان ثنااللہ زہری نے 3 روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے جب کہ اس موقع پر صوبے میں تمام سرکاری عمارتوں اور دفاتر پر قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب نے بھی صوبے بھر میں ایک روزہ سوگ اور سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ رات کوئٹہ کے پولیس ٹریننگ سینٹر پر 3 دہشت گردوں نے حملے کرکے تربیت سینٹر سے ملحقہ ہاسٹل میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 61 اہلکار شہید اور120 زخمی جبکہ سیکیورٹی فورسز کےآپریشن میں 3 دہشت گرد بھی ہلاک کردیئے گئے تھے۔