You are currently viewing امیتابھ بچن  کا نام پاناما پیپرز میں آنے کے بعد تحقیقات کا آغاز

امیتابھ بچن کا نام پاناما پیپرز میں آنے کے بعد تحقیقات کا آغاز

ممبئی (ڈیسک) بالی ووڈسپراسٹارامیتابھ بچن سمیت  33 شخصیات کے نام پاناما پیپرز میں آنے کے بعد بھارتی حکام نے باقاعدہ طور پر تحقیقات کا آغاز کر دیا

ذرائع کے مطابق انکم ٹیکس ڈیپارٹمنٹ کے اعلیٰ افسران پر مشتمل ٹیم معلومات اکٹھی کرنے کے لئے برٹش ورجن آئرلینڈ بھیج دی گئی ہے جب کہ دیگر ممالک سے بھی معلومات حاصل کی جارہی ہیں۔انکم ٹیکس حکام کے مطابق امیتابھ بچن کی برٹش ورجن آئرلینڈ میں کسی آف شور کمپنی سے متعلق ابھی کچھ نہیں کہا جاسکتا اور یہ بھی نہیں کہہ سکتے کہ ان کے خلاف کوئی تحقیقات شروع کی گئیں تاہم ابھی معلومات حاصل کی جارہی ہیں۔حکام کے مطابق امیتابھ بچن پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ پاناما پیپرز میں ان کے نام سے ظاہر کی گئی کمپنیوں کا ان سے کوئی تعلق نہیں جب کہ امیتابھ بچن متعدد بار بیرون ملک آف شور کمپنیوں کی تردید کرچکے ہیں۔

پاناما پیپرز میں امیتابھ بچن کو بلک شپنگ کمپنی لمیٹیڈ، لیڈی شپنگ لمیٹیڈ، ٹریژر شپنگ لمیٹیڈ اور ٹرام شپنگ لمیٹیڈ کمپنی کا ڈائریکٹر ظاہر کیا گیا ہے تاہم بالی وڈ سپر اسٹار کا کہنا ہے کہ وہ کبھی ان کمپنیوں کے ڈائریکٹر نہیں رہے اور ممکن ہے کہ ان کا نام اس میں استعمال کیا گیا ہو۔امیتابھ بچن کا کہنا ہے کہ وہ مسلسل ٹیکس ادا کرتے رہے ہیں اور بیرون ملک خرچ کردہ رقم پر بھی وہ ٹیکس دیتے آئے ہیں۔

خیال رہے کہ لاء فرم موسیک فانسیکا نے پاناما پیپرز میں 50 سے زائد ممالک کے 140 ایسے سیاستدانوں کا انکشاف کیا ہے جو آف شور کمپنیاں رکھتے ہیں جب کہ پاناما پیپرز میں سیاستدانوں کے علاوہ تجارت، کھیل اور شوبز انڈسٹریز سے تعلق رکھنے والی شخصیات کے نام بھی ہیں۔

Staff Reporter

Rehmat Murad, holds Masters degree in Literature from University of Karachi. He is working as a journalist since 2016 covering national/international politics and crime.