کراچی (نیوز ڈیسک) پاکستانی ماڈل متھیرا نے شادی سے قبل لڑکوں کو مفید مشورہ دے دیا۔
متھیرا نے کہا کہ لڑکا ہو یا لڑکی ہم نے اپنی زندگیوں کا مقصد شادی رکھ دیا ہے کہ بس شادی کرنی ہے لیکن لڑکوں کو چاہیےکہ پہلے کیرئیر، گھر اور اپنی پہچان بناکر شادی کا سوچیں۔
ایک پوڈ کاسٹ انٹرویو میں متھیرا نے کہا کہ ’میں یہ نہیں کہتی کہ لڑکوں کو ریتھک روشن ہونا چاہیے، اگر کسی مرد کی شادی نہیں ہورہی تو کوئی مسئلہ نہیں، شادی نہیں ہوئی تو مر نہیں جاؤ گے۔
انہوں نے کہا کہ مردوں کو معاشی طور پر مضبوط ہونے کی ضرورت ہوتی ہے، مردوں کی اپنی پہچان ہونی چاہیے اس کے بعد انہیں بیوی ڈھونڈنی چاہیے کیوں کہ بیوی کو دینا ہوتا ہے اس سے لینا نہیں ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ میرا ماننا ہے کہ جو شخص آپ کی زندگی کے مشکل لمحات میں آپ کا ساتھ نہ دینا چاہے تو میرا نہیں خیال کہ اسے آپ کے اچھے لمحات میں بھی آپ کے ساتھ ہونا چاہیے۔
متھیرا نے مزید کہا کہ اگر کسی شخص کا وزن 100 کلو گرام سے اوپر ہے تو میرے نزدیک اسے وزن کم کرنا چاہیے لیکن اگر کوئی شخص نارمل ہے یا پھر زیرو سائز نہیں ہے تو پھر کسی کو کوئی حق نہیں کہ اس کو کہیں کہ وہ زیرو سائز ہوجائے۔
ان کا کہنا تھا کہ مرد ہو یا خواتین دونوں کے جسم مختلف ہوتے ہیں، اسی طرح دونوں کے جسم کے مسائل بھی مختلف ہوتے ہیں، خواتین کے مسائل مردوں سے زیادہ ہیں اس کے باوجود ہمارے یہاں مرد حضرات عورتوں کے لیے بڑی آسانی سے کہتے ہیں کہ یہ تو موٹی ہوگئی ہے اسے دبلا ہونا چاہیے۔