اسلام آباد (ڈیسک)وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ عمران خان کی حکومت نے ملک کا وہ برا حال کیا جو دشمن بھی نہیں کر سکتا۔
ایک سیاستدان کو تکبر اور منفی سیاست کی جگہ کچھ نہیں آتا، انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی پاکستانی کرنسی سے کھیلنے نہیں دیں گے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہم کسی ڈیل پر کوئی یقین نہیں رکھتے، کسی ڈیل کے تحت نہیں آیا، ڈیل کی باتیں کرنے والے بتائیں کیا انہوں نے مجھے پاسپورٹ جاری کیا تھا؟ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت میں سفارت خانوں اور ہائی کمیشن کو منع کر دیا گیا تھا کہ مجھے پاسپورٹ جاری نہ کیا جائے، عمران خان کو پیغام ہے کہ ملک کو چلنے دیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ مفتاح اسماعیل ہماری ٹیم کا حصہ تھے اور ہیں، مفتاح اسماعیل کی کوشش سے پاکستان ڈیفالٹ سے بچ گیا۔ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ تین سال کا گند چار ماہ میں درست نہیں ہو سکتا تھا، پاکستان 30 سال پیچھے چلا گیا ہے، اس وقت بدترین معاشی صورتحال سے دوچار ہے، پچھلے چار سالوں میں معیشت کا جنازہ نکال دیا گیا، گزشتہ حکومت نے سیاسی فائدہ لینے کے لیے عالمی معاہدوں سے انحراف کیا، یہ کہا گیا کہ آنے والوں کے لیے بارودی سرنگ بچھا دی گئی ہے لیکن ہم معیشت کو بہتر کریں گے۔ معیشت کی بہتری کے لیے آپ ہمیں ٹائم دیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ کسی کو بھی پاکستان کی کرنسی سے کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے، روپے کی قدر بہتر ہونا شروع ہو گئی ہے، ہم نے 2013 میں بھی ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا تھا، ہماری پوری کوشش ہو گی کہ پاکستان کی معیشت کو بہتر کریں اور روپے کو مستحکم کریں۔