You are currently viewing وزیراعظم گورنر پنجاب کی تقرری سے متعلق اپنی ایڈوائس پر نظرثانی کریں، صدر

وزیراعظم گورنر پنجاب کی تقرری سے متعلق اپنی ایڈوائس پر نظرثانی کریں، صدر

اسلام آباد (ڈیسک)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ وزیراعظم گورنر پنجاب کی تقرری بارے اپنی ایڈوائس پر نظرثانی کریں۔

ہفتہ کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے وزیراعظم کو جواب میں کہا ہے کہ عمر سرفراز چیمہ اب بھی گورنر کے عہدے پر فائز ہیں، نئی تقرری کا کوئی جواز نہیں، آئین کے آرٹیکل 101(2) کے تحت ”گورنر صدر کی خوشنودی تک عہدے پر فائز رہے گا”، موجودہ ملکی حالات کا تقاضا ہے کہ موجودہ گورنر اپنے عہدے پر برقرار رہیں،گورنر پنجاب کے خط اور رپورٹ کے مطابق وزیراعلی کے انتخاب میں اراکین پنجاب اسمبلی کی وفاداریاں بدلی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں غیرقانونی طریقے سے اکثریت حاصل کرکے آئین کے آرٹیکل 63 اے کی خلاف ورزی کی گئی، غیرقانونی اقدامات سے پنجاب میں گورننس کے سنگین مسائل پیدا ہوئے، صدارتی ریفرنس پر سپریم کورٹ کے 17 مئی کے فیصلے سے گورنر کے اصولی موقف کی توثیق ہوئی۔ صدر مملکت نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے 20 مئی کے فیصلے سے بھی گورنر پنجاب کا موقف مزید مستحکم ہوا، الیکشن کمیشن نے 25 اراکین صوبائی اسمبلی کے انحراف، وفاداریاں بدلنے کی تصدیق کی، الیکشن کمیشن نے وفاداریاں بدلنے کو ”ووٹر اور پارٹی کی پالیسی کو دھوکہ دینے کی بدترین شکل” کہا، الیکشن کمیشن کے فیصلے کے مطابق منحرف ہونے والے 25 ایم پی اے پنجاب اسمبلی کے رکن نہیں رہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم آئین کے آرٹیکل 48(1) کے مطابق نئے گورنر پنجاب کی تقرری کی ایڈوائس پر نظرثانی کریں۔