لاہور (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کو بالآخر قومی کرکٹ ٹیم کے لیے کوچ مل گیا، نظرِ انتخاب جا کر ٹہری جنوبی افریقہ کے مکی آرتھر پر، جنہوں نے اِس سے قبل جنوبی افریقہ اور آسٹریلیاء کی کوچنگ کی ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کیلئے قومی کرکٹ بورڈ نے جان مائیکل آرتھر کو ہیڈکوچ مقرر کردیا ہے، جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے نئے پاکستانی کوچ کو دنیا مکی آرتھر کے نام سے پہنچانتی ہے، انہوں نے پاکستان سُپر لیگ میں کراچی کنگز کی رہنمائی بھی کی تھی۔
مکی آرتھر کو 2005ء میں جنوبی افریقہ کی ٹیم کا کوچ لگایا گیا تھا، اُن کی کوچنگ کے دوران جنوبی افریقہ کی ٹیم ون ڈے کی ٹاپ ٹیم بنی جبکہ 9 ٹیسٹ میچ بھی جیتے تھے، تاہم جنوبی افریقی بورڈ سے اختلافات کے سبب 2010ء میں انہوں نے استعفیٰ دے دیا تھا۔
مکی آرتھر نے اسی سال آسٹریلیاء کی ڈومیسٹک ٹیم ویسٹرن واریئر جوائن کی تھی جس کے بعد ڈیڑھ سال بعد ہی انہیں آسٹریلیاء کی نیشنل ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کردیا گیا تھا، 2013ء کے چیمپیئنز ٹرافی ٹورنامنٹ میں ٹیم کا پہلے راؤنڈ میں باہر آنا مکی آرتھر کا بھی آخری ایونٹ ثابت ہوا۔