اسلام آباد(ڈیسک)الیکشن کمیشن نےوفاقی وزیر فواد چوہدری، علی زیدی، عامر لیاقت اور خالد مقبول صدیقی سمیت 154 اراکین اسمبلی کی رکنیت معطل کر دی۔
ذرائع کے مطابق مالی گوشوارے جمع نہ کرانے کی پاداش میں الیکشن کمیشن نے 154 اراکین اسمبلی کی رکنیت معطل کر دی ہے، جن اراکین کی رکنیت معطل کی گئی ہے ان میں وفاقی وزرا فواد چوہدری، علی زیدی، خالد مقبول صدیقی، ڈاکٹرعامر لیاقت حسین اور فہمیدہ مرزا بھی شامل ہیں، جب کہ 3 سینیٹرز مصدق ملک، کامران مائیکل اور شمیم آفریدی کی رکنیت بھی معطل کردی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق قومی اسمبلی کے 48،کے پی اسمبلی کے 26 اراکین کی رکنیت معطل کی گئی ہے، جب کہ بلوچستان اسمبلی کے 6 ارکان کی رکنیت معطل کی ہے، اور ان میں سردار یار محمد رند اور اختر لانگو بھی شامل ہیں۔
الیکشن کمیشن نے فیصلے سے سنیٹ، قومی و صوبائی اسمبلیوں کے اسپیکرز کو آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ معطل ارکان ایوان کی کارروائی میں حصہ نہیں لے سکتے، اور گوشوارے جمع کروانے تک رکنیت معطل رہے گی۔