اسلام آباد(ڈیسک) ملک میں کورونا وائرس سے مزید تقریباً2 ہزار نئے کیسز رپورٹ جبکہ 46 افراد جاں بحق ہو گئے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق 24 گھنٹوں میں کورونا کے ایک ہزار 920 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، جس کے بعد ملک میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 21 ہزار 211 تک پہنچ گئی ہے۔
این سی او سی کے اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں سیگر صوبوں کے مقابلے میں کورونا کے سب سے زیادہ مصدقہ سندھ میں 2 لاکھ 35 ہزار 576 مریض ہیں، پنجاب میں ایک لاکھ 49 ہزار 782، خیبر پختونخوا میں 63 ہزار 615، بلوچستان میں 18 ہزار 612، اسلام آباد میں 40 ہزار 111، آزاد کشمیر میں 8 ہزار 631 جب کہ گلگت بلتستان میں کورونا کیسز کی تعداد 4 ہزار 884 ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق 24 گھنٹوں میں کورونا کے 46 مریض دم توڑ گئے ہیں، اس طرح اس وبا سے زندگی کی بازی ہارنے والے افراد کی تعداد 10 ہزار 997 ہوگئی ہے۔
کورونا کے ہاتھوں سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ریکارڈ ہوئی ہیں جہاں 4 ہزار 432 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، سندھ میں 3 ہزار 793، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 783، اسلام آباد میں 457، گلگت بلتستان میں 101، بلوچستان میں 190 اور آزاد کشمیر میں 241 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا کے ایک ہزار 589 مریضوں نے اس وبا کو شکست دے دی ہے، اس طرح ملک میں کورونا 4 لاکھ 75 ہزار 228 افراد صحتیاب ہو چکے ہیں۔
این سی او سی کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں اس وقت کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 34 ہزار 986 ہے جن میں سے 2 ہزار 348 کی حالت تشویشناک ہے۔