کراچی (ڈیسک)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ مکی ارتھر نے کہا ہےکہ سرفراز احمد میں ایک ایسی خوبی تھی جو برے بڑے کپتانوں میں نہیں ۔
ایک یوٹیوب چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے پاکستا ن کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ مکی ارتھر نے سابق کپتان سرفراز احمد سے متعلق اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ سرفراز ایک بہترین لیڈر تھے، مجھے گریم اسمتھ، مائیکل کلارک اور مصباح الحق کے ساتھ کام کرنے کا اعزاز حاصل ہے، یہ تمام اچھے لیڈرز تھے لیکن سرفراز میں ایک ایسی چیز تھی جو میں نے پہلے کبھی نہیں دیکھی۔
انہوں نے کہا کہ میدان میں سرفراز اپنی چلاتے تھے اور ڈسپلن قائم رکھتے تھے لیکن ان میں یہ خوبی تھی کہ وہ میدان سے باہر ڈریسنگ روم میں وہ انتہائی بردرانہ انداز میں کھلاڑیوں سے پیش آتے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ لوگوں نے دیکھا ہے کہ وہ میدان میں کس طرح پیش آتے ہیں لیکن لوگوں نے ڈریسنگ روم میں سرفراز کا دوسرا رخ نہیں دیکھا اور وہاں وہ ایک انتہائی مقبول لیڈر تھے۔
انہوں نے سرفراز کی ٹی20 کرکٹ کے حوالے سے تکنیکی معلومات کو بھی سراہتے ہوئے مزید انکشاف کیا کہ سرفراز ہمیشہ گیم سے آگے کا سوچتے تھے۔