نئی دلی(ڈیسک)بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کا کہنا ہے کہ پاکستان سمجھتا ہے مذاکرات اور پیشگی شرائط اکٹھے نہیں چل سکتے،بھارت جب بھی آمادہ ہوا،مذاکرات کاطریقہ کارطےکرنےمیں وقت نہیں لگائیں گے۔
ذرائع کے مطابق پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کا بھارتی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں کرکٹ سمیت دیگرکھیل کھیلنا چا ہیے،پاک بھارت تعلقات میں بہتری تک کھیل منقطع رکھناعقلمندی نہیں،کھیلوں کے مقابلے باہمی بات چیت کیلئے بہتر فضا قائم کر سکتے ہیں ،کھیلوں کو سیاست سے دور رکھنا چاہیے۔
پاکستانی ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ پاکستان اوربھارت کودہشت گردی سمیت مسائل پر رابطے میں رہنا چاہیے، پاکستان کے لئے اب دہشتگردی بھی بڑا مسئلہ بن چکا ہے، پاکستان سمجھتا ہے مذاکرات اور پیشگی شرائط اکٹھے نہیں چل سکتے، 40 سال سے باہمی مذاکرات نتیجہ خیز نہیں ہو سکے جبکہ بھارتی حکومت کی جانب سے مزاکراتی عمل کے آغاز کی کوئی کوشش نہیں ہو رہی، پاک بھارت جامع مذاکرات کے آغاز کے حوالے سے پرامید ہوں اورسفارتکاری میں تمام ممکنات کیلئے دروازے کھلے رکھنا ہوتے ہیں۔
عبدالباسط نے کہا کہ کلبھوشن کےاعتراف جرم نےہماری تشویش ثابت کردی،عالمی عدالت سے کلبھوشن کیس پر فیصلے تک سزا پرعملدرآمد نہیں ہوگا،کلبھوشن یادیو کے پاس سزا کے خلاف آرمی چیف اورصدر کے پاس اپیل کا حق ہے جبکہ اپیل مسترد ہونے کے بعد آرمی چیف یا صدرسزا پرنظر ثانی کرسکتے ہیں۔
عبدالباسط نے کہا کہ پاکستان اور بھارت مسئلہ کشمیر کو تمام مسائل کی جڑسمجھتے ہیں، مسئلہ کشمیر تمام مسائل کی بنیادی وجہ ہے،پاکستان کوباہمی مذاکرات مفید نہ ہونے پرباقی دنیا سے بات کرنا پڑتی ہے،مسئلہ کشمیر پاک بھارت تعلقات میں حائل ہے جبکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کوئی بیک چینل کام نہیں کررہا۔