You are currently viewing زیادہ آمدن والوں پر زیادہ ٹیکس کا نفاذ ہوگا، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب

زیادہ آمدن والوں پر زیادہ ٹیکس کا نفاذ ہوگا، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے تنخواہ دار طبقے پر ٹیکسوں میں اعتراض کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ زیادہ آمدن والوں پر زیادہ ٹیکس کا نفاذ ہوگا کسی کو اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔
وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کا پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس میں کہنا تھا ہمیں ٹیکس کے دائرہ کار کو بڑھانا ہے، 10 فیصد ٹیکس ٹو جی ڈی پی ریشو ناقابل برداشت ہے، ٹیکس ٹو جی ڈی پی کو 13 فیصد پر لے کر جانا ہے جس کے لیے مختلف اداروں کو بہتر کرنا ہے۔
محمد اورنگزیب کا کہنا تھا غیر دستاویزی معیشت کو ڈیجیٹائز کیا جا رہا ہے، یہ بات درست ہے کہ ٹیکسوں کی کمپلائنس اور انفورسمنٹ نہیں ہوئی، اینڈ ٹو اینڈ ڈیجیٹائزیشن کی جا رہی ہے، معیشت کی ڈیجیٹائزیشن ہماری ترجیح ہے، ڈیجیٹائزیشن سے کرپشن کم ہو گی اور شفافیت بڑھے گی۔
ان کا کہنا تھا نان فائلرز کے لیے ٹیکس ریٹ میں اضافہ کیا گیا ہے، نان فائلزز کے لیے بزنس ٹیکس ٹرانزیکشن میں اضافہ کیا جا رہا ہے جس کا مقصد انہیں بھی ٹیکس نیٹ میں لانا ہے، زیادہ آمدن والوں پر زیادہ ٹیکس کا نفاذ ہوگا کسی کو اعتراض نہیں ہونا چاہیے، تنخواہ دار طبقے پر زیادہ سے زیادہ ٹیکس 35 فیصد ہے۔
سینیٹر محمد اورنگزیب کا کہنا تھا ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے نفاذ میں شاید مسئلہ تھا، ٹیکسز لیکج کو کم کرنے کے لیے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم لایا گیا جس کا مقصد تمباکو،سیمنٹ سمیت ہر شعبے میں ٹیکس چوری روکنا تھا۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا ہمارے پاس ڈیٹا موجود ہے کہ کس کے پاس کتنی گاڑیاں ہیں اور کون کتنا بل دیتا ہے، شہریوں کے لائف اسٹائل کا سارا ڈیٹا ہمارے پاس موجود ہے، لائف اسٹائل ڈیٹا جائزے کے لیے ٹیم بنائیں گے جو اسے چیک کریں گی، اس کے بعد فیلڈ ٹیم کو اس پر عمل درآمد کا کہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت جس جس سیکٹر سے نکل جائے اتنا ہی بہتر ہے، حکومت کو پرائیویٹ سیکٹر کو آگے لانے کے لیے ماحول دینا ہوگا۔
وزیر مملکت برائے خزانہ علی پرویز ملک کا پریس کانفرنس کے دوران کہنا تھا کہ تنخواہ دار طبقے کے لیے 50 ہزار روپے تک ٹیکس چھوٹ رکھی گئی ہے، ایک لاکھ روپے تنخواہ لینے والا مڈل کلاس سے تعلق رکھتا ہے اس لیے مڈل کلاس پر ہم نے زیادہ بوجھ نہیں ڈالا، ایک لاکھ روپے تنخواہ والے پر سب سے کم بوجھ ڈالا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا تنخواہ دار طبقے میں امیر طبقہ زیادہ ٹیکس کی وجہ سے ملک چھوڑ کر جا رہا تھا، نان فائلرز کو ٹیکس نیٹ میں آنے کا وقت دیاگیا ہے، ڈیجیٹائزیشن کے بعد نان فائلرز سے ٹیکس بھی لیا جائیگا اور پوچھا بھی جائے گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے 188 کھرب 87 ارب روپے کا بجٹ پیش کیا تھا۔

Staff Reporter

Rehmat Murad, holds Masters degree in Literature from University of Karachi. He is working as a journalist since 2016 covering national/international politics and crime.