مٹیاری (نیوز ڈیسک) صوبہ سندھ کے ضلع مٹیاری میں قومی شاہراہ پر بس اور ٹریلر میں تصادم کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق جبکہ متعدد مسافر زخمی ہو گئے۔
مٹیاری میں باؤ ڈیرو کے مقام پر قومی شاہراہ پر بس اور ٹریلر میں تصادم ہوا۔
ایدھی ایمبولینسوں کے ذریعے لاشوں اور زخمیوں کو مٹیاری تعلقہ اسپتال اور بعدازاں حیدرآباد سول اسپتال منتقل کردیاگیا۔
موٹر وے پولیس کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی بس اوچ شریف سے کراچی آ رہی تھی۔
دریں اثناء وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مٹیاری قومی شاہراہ پر ٹریفک حادثہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کااظہارکیا۔
محسن نقوی اور مراد علی شاہ نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔
وفاقی وزیرداخلہ اور وزیراعلیٰ سندھ نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔