فلوریڈا (نیوز ڈیسک) امریکا نے یمن پر حملے کے لیے جنگی جہازوں کے اڑان بھرنے کی ویڈیو جاری کردی۔
ویڈیو امریکی سینٹرل کمانڈ کی جانب سے جاری کی گئی ہے۔
فلسطینیوں سے حمایت کے اظہار میں پیش پیش رہنے والے یمنی حوثیوں کے خلاف امریکی اور برطانوی طیاروں نے بمباری شروع کردی۔
دارالحکومت صنعا میں بھی دھماکوں کی آوازیں گونجنے لگی ہیں۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق لڑاکا طیاروں، بحری جہازوں اور آبدوزوں کی مدد سے یمن کے دارالحکومت صنعا، بندرگاہی شہر حدیدہ اور شمالی شہر سعدہ میں درجن بھر سے زائد مقامات پر بمباری کی گئی ہے جبکہ حملوں میں ٹام ہاک میزائلوں کا بھی استعمال کیا گیا۔
حوثی ترجمان کے مطابق امریکی حملوں میں اب تک 5 افراد جاں بحق جبکہ 6 زخمی ہوئے ہیں۔
دریں اثناء یمن پر امریکی و برطانوی فضائی حملوں کے بعد یمن کے رہنما عبدالمالک بدرالدین الحوثی نے جارحیت کا مقابلہ کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے قوم کو پیغام دیا کہ دشمن کو میزائلوں اور ڈرونز کا نشانہ بنایا جائے۔