اسلام آباد (نیوز ڈیسک) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے پاک فضائیہ کی آپریشنل ایئربیس کا دورہ اور انڈس شیلڈ مشق 2023 کا مشاہدہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر نے آرمی چیف عاصم منیر کا استقبال کیا۔
اس موقع پر ترکیہ، آذربائیجان اور ہنگری کے ایئر چیفس بھی میگا فضائی مشق کے مشاہدے کے لیے موجود تھے۔
ایئر چیف مارشل نے پاک فضائیہ کو جدید بنانے کی مہم میں جنرل عاصم منیر کے تعاون کو سراہا۔
سپہ سالار نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مشترکہ مقاصد کے حصول میں کثیرالقومی فضائی مشقوں کی اہمیت پر زور دیا۔
جنرل عاصم منیر نے مشق کے شرکاء کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی اور فضائی مشق کے انعقاد پر ایئر پاور سینٹر آف ایکسی لینس کے کردار کو سراہا۔
آرمی چیف نے کہا کہ سینٹر آف ایکسی لینس کا ماہر فائٹر پائلٹ تیار کرنے میں اہم کردار ہے جبکہ فائٹر پائلٹ جدید جنگی حربوں کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔
آرمی چیف نے مشق کے کامیاب انعقاد پر ایئر چیف کے عزم اور کاوشوں کو بھی سراہا۔
آرمی چیف نے سائبر سیکیورٹی اور مصنوعی ذہانت کی اہمیت پر ایئر چیف کے وژن کی حمایت کی۔
انھوں نے کہا کہ مشق علاقائی سلامتی کو تقویت دینے اور اتحادی ممالک کے مابین تعاون کو فروغ دینے کا ذریعہ ہے۔