پشاور (نیوز ڈیسک) نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کی سالمیت کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرنا چاہیے، ملک کی بہتری کے لیے ہمیں ذاتی مفادات کو پس پشت ڈالنا ہوگا۔
دورہ پشاور کے موقع پر ایوان صنعت و تجارت کے وفد اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ صوبہ خیبرپختونخوا کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون کریں گے۔
انھوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے دہشت گردی کا بہادری سے مقابلہ کیا، شہداء کی قربانیوں کو فراموش نہیں کرسکتے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان سمیت تمام ہمسایوں سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں، غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کو واپس جانا ہوگا۔
قبل ازیں پشاور چیمبر آف کامرس کی جانب سے نگراں وزیراعظم کو روایتی پگڑی پہنائی گئی، گورنر کے پی کے حاجی غلام علی نے نگراں وزیراعظم کا دورہ پشاور پر خیرمقدم کیا۔
نگراں وزیراعظم نے کہا کہ صفوت غیور جیسے 90 ہزار پاکستانیوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، ان شہداء کے کردار کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔
ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہوں گے، وہ معصوم لوگوں کو نشانہ بنا رہے ہیں اور ریاست پاکستان ان کے خلاف کارروائی کر رہی ہے، دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ نواز شریف عدالتی فیصلے تحت بیرون ملک گئے، وہ واپس لوٹیں گے تو قوانین کے مطابق نگراں حکومت عمل کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن انتخابات کے لیے جس تاریخ کا تعین کرے گا ہم اس کے مطابق اپنی تیاری مکمل کریں گے۔