اسلام آباد (ڈیسک) موجودہ حکومت نے رخصتی سے قبل عوام کو پٹرولیم مصنوعات میں اضافے کا تحفہ دے دیا، پٹرول 19.95روپے اور ڈیزل 19.90روپے مہنگا کر دیا گیا۔
اضافے کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 272.95روپے ہو گئی جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 273.40روپے پر پہنچ گیا۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا گیا ہے جس کا اطلاق فوری طور پر کر ہو چکا ہے۔
وزیر خزانہ اسحق ڈار نے اپنے پیغام میں کہا کہ عالمی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے مقامی سطح پر پٹرول مہنگا کرنا مجبوری تھی۔
انھوں نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ پاکستان کے معاہدے کے باعث ہمارے ہاتھ بندھے ہوئے ہیں، ہم نے عوام کو کم سے کم تکلیف دیتے ہوئے قیمتوں میں رد و بدل کیا ہے۔
اسحق ڈار کا کہنا تھا کہ ایسے فیصلے کرنے سے قاصر ہیں جس سے ملکی مفاد کو نقصان ہو، ہم نے وہ کیا جو ملک و قوم اور عوام کے لیے بہترین تھا۔