لاہور (نیوز ڈیسک) 9 مئی کے واقعات میں ملوث پاکستان تحریک انصاف کے رہنما مراد سعید، اعظم سواتی، حماد اظہر سمیت 18 اشتہاریوں کے شناختی کارڈ بلاک کردیئے گئے۔
پولیس کے مطابق پی ٹی آئی کے 18 اشتہاری رہنماؤں کے شامل تفتیش نہ ہونے اور انسداد دہشت گردی عدالت میں عدم پیشی پر شناختی کارڈ بلاک کرنے کی درخواست کی تھی جس پر نادرا نے 9 اور 10 مئی کے مقدمات کے اشتہاریوں کے شناختی کارڈ بلاک کردیئے۔
پولیس کے مطابق تمام ملزمان انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش ہوئے بغیر قانونی حقوق حاصل نہیں کرسکتے اور شامل تفتیش ہونے تک ملزمان کے قومی شناختی کارڈ بلاک رہیں گے۔
پولیس کے مطابق جن ملزمان کے شناختی کارڈ بلاک کیے گئے ان میں مراد سعید، اعظم سواتی، حماد اظہر، اسلم اقبال، کرامت کھوکھر، علی امین گنڈاپور، واثق قیوم عباسی، مسرت جمشید چیمہ، جمشید چیمہ، زبیر نیازی، ملک ندیم عباس اور غلام محی الدین دیوان شامل ہیں۔
پولیس کےمطابق اشتہاری ملزمان کے نام نو فلائی لسٹ میں شامل کیے جاچکے ہیں۔