اسلام آباد(اسٹاف رپورٹر)وزارت خزانہ کی جانب سے پانچ ہزار روپے کا نوٹ بند ہونے کی افواہوں کی تردید کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹ میں گزشتہ ہفتے 5 ہزار روپے کے نوٹ بند کرنے سے متعلق قرارداد کثرت رائے سے منظور کی گئی تھی جبکہ قرارداد میں کہا گیا تھا کہ 5 ہزار کا کرنسی نوٹ غیر قانونی لین دین میں سب سے زیادہ استعمال ہوتا ہےجبکہ ایوان بالا میں قرارداد کی منظوری کے بعد کاروباری و تجارتی حلقوں اور سرمایہ کاروں میں تشویش کی گہری لہر دوڑ گئی تھی، ملک میں رائج سب سے بڑے کرنسی نوٹ کی بندش کی خبروں پر لوگوں کی جانب سے غیر ملکی کرنسی بالخصوص ڈالر اور سونا خریدنے کے رجحان میں اضافہ دیکھا جارہا تھا تاہم وفاقی وزارت خزانہ نے ان خبروں کی مکمل تردید کردی ہے۔