واشنگٹن(ڈیسک ) :سائنسدانوں نے متنبہ کیا ہے کہ سنہ 2018 میں تباہ کن زلزلوں میں اضافہ ہو سکتا ہے اور اس کا تعلق زمین کے گردش کرنے کی رفتار میں کمی سے ہے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق یہ تحقیق یونیورسٹی آف کولوراڈو کے راجر بلہم اور مونٹانا یونیورسٹی کی ربیکا بینڈک نے امریکہ کی جیولوجیکل سوسائٹی کے سالانہ اجلاس میں پیش کی۔انھوں نے کہا کہ زمین کے گردش کرنے کی رفتار میں کمی کے باعث اگلے سال زلزلوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ گردش کرنے کی رفتار میں کمی بہت ہی کم ہے یعنی دن کے دورانیے میں ملی سیکنڈ کی تبدیلی لیکن اس سے بڑے پیمانے پر زیر زمین توانائی کا اخراج ممکن ہے۔
ان سائنسدانوں کا کہنا تھا کہ زمین کی گردش اور زلزلوں میں کافی حد تک تعلق ہے اور اگلے سال ممکنہ طور پر تباہ کن زلزلوں میں اضافہ ہو گا۔بلہم اور بینڈک نے اپنی تحقیق میں سنہ 1900 سے اب تک کے زلزلوں کا مطالعہ کیا ہے جن کی شدت سات سے زیادہ تھی۔بلہم کا کہنا تھاکہ ایک صدی سے زلزلوں کو ریکارڈ کیا جا رہا ہے اور اسی وجہ سے ہمیں تحقیق کرنے میں مدد ملی ہے۔ان دونوں سائنسدانوں کا کہنا تھا کہ تحقیق سے معلوم چلا ہے کہ پانچ ادوار میں زلزلے زیادہ آئے۔ بلہم کا کہنا تھاکہ ان ادوار میں ایک سال میں 25 سے 30 شدید زلزلے آئے جبکہ دیگر ادوار میں ایک سال میں اوسطاً 15 زلزلے آئے۔سائنسدانوں نے ان ادوار میں زیادہ زلزلے آنے کی وجوہات کے لیے تحقیق کی۔ انھیں تحقیق سے معلوم ہوا کہ ان ادوار میں زمین کی گردش کی رفتار میں کمی واقع ہوئی تھی۔
بلہم نے کہاکہ زمین کی گردش کرنے کی رفتار میں کمی واقع ہوتی ہے اور اس کو اٹامک کلاک سے بہت بہتر طریقے سے جانچا جا سکتا ہے۔واضح رہے کہ سنہ 1960 سے اب تک سیکنڈ کی طوالت یا دورانیہ جاننے کے لیے اٹامک گھڑیاں استعمال ہوتی ہیں۔ ان گھڑیوں میں سیکنڈز کا دورانیہ جاننے کے لیے ایٹم میں ہونے والی تھرتھراہٹ یا لرزش کی پیمائش کی جاتی ہے۔ان دونوں سائنسدانوں کا کہنا تھا کہ پچھلی ڈیڑھ صدی میں پانچ ادوار ایسے گزرے جب پانچ سال کے لیے زمین کی گردش کرنے کی رفتار میں کمی ہوئی اور یہی وہ ادوار تھے جب شدید زلزلوں میں اضافہ ہوا۔بلہم کا کہنا تھاکہ آسان بات یہ ہے کہ زمین ہمیں زلزلوں سے پانچ سال قبل متنبہ کرتی ہے اور اس بار زمین کی گردش کرنے میں کمی چار سال قبل شروع ہوئی تھی۔ صاف ظاہر ہے کہ اگلے سال شدید زلزلے متوقع ہیں۔انھوں نے مزید کہاکہ اس سال زیادہ زلزلے نہیں آئے۔ اس سال چھ شدید زلزلے آئے ہیں۔ 2018 میں باآسانی 20 زلزلے آ سکتے ہیں۔تاہم سائنسدانوں کا کہنا تھا کہ زمین کی گردش کرنے کی رفتار میں کمی کیوں واقع ہوتی ہے اس کے بارے میں علم نہیں ہے۔
(این این آئی)