راولپنڈی (ڈیسک ) :ڈی آئی خان کے علاقے کلاچی میں سرچ آپریشن کے دوران دہشتگردوں کی فائرنگ سے پاک فوج کے میجر اسحاق شہید ہوگئے ۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ڈیرہ اسمائیل خان کے علاقے کلاچی میں آپریشن کیا جہاں دہشتگردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں قوم کے ایک اور بہادر سپوت میجر اسحاق نے جام شہادت نوش کی ۔ 28 سالہ میجر اسحاق کا تعلق خوشاب سے تھا ،شہید کے پسماند گان میں بیوہ اور ایک سالہ بچہ شامل ہے ۔
میجر جنرل آصف غفور نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں بتایا کہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ اور اعلیٰ حکام نے میجر اسحاق شہید کے جنازے میں شرکت کی ۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنے پیغام میں کہا کہ دفاع وطن ہمارا مقدس فریضہ ہے ،ہم مادر وطن کا دفاع کرتے رہیں گے۔