کوالالمپور( ڈیسک):سری لنکا کو لیستھ ملنگا کے بعد ایک مرتبہ پھر سب کو حیران کر دینے والا بولر مل گیا ۔
ملائشیا میں جاری انڈر 19 ایشیا کپ کے دوران سیدھے ہاتھ سے بولنگ کرنے والے 18 سالہ سری لنکن اسپنر کیون کوتھیگوڈا نے سب کی توجہ حاصل کرلی ہے۔کیون کوتھیگوڈا کا ایکشن حیران کن ہونے کے ساتھ ساتھ بیٹسمینوں کے لئے مشکلات پیدا کر رہا ہے۔افغانستان کے خلاف کیون نے ایک وکٹ حاصل کی لیکن ان کے بولنگ ایکشن نے بلے بازوں کو خوب پریشان کیا۔کیون بال کراتے وقت سامنے نہیں دیکھ پاتے اور ان کا چہرہ آسمان کی طرف ہوتا ہے جب کہ وہ اپنے ہاتھ کو 90 ڈگری زاویے سے بھی زیادہ خم دیتے ہیں۔دلچسپ بات یہ ہے کہ کیون پچ پر نہ دیکھنے کے باوجود درست جگہ پر بال کرتے ہیں اور انہیں ایکسٹرا اسپن بھی ملتا ہے۔
(این این آئی)