کیلی فورنیا (اسٹاف رپورٹر) مائیکروسافٹ اور فیسبُک نے نیا پروجیکٹ شروع کرنے کا اعلان کردیا، اس منصوبے کے تحت یورپ تک ڈیٹا کی تیز رفتار ترسیل کے لیے زیرِ سمندر 4 ہزار میل طویل فائبر آپٹک کیبل بچھائی جائے گی۔
برقی دنیا میں تیز رفتار معلومات کی منتقلی بڑا اہم چیلنج ثابت ہوا ہے، اسی حوالے سے مائیکروسافٹ اور فیسبُک جیسی معروف کمپنیوں نے نہایت تیز رفتاری اور بھروسہ مند سروسز فراہم کرنے کیلئے مشترکہ منصوبے کا اعلان کیا ہے جس کے تحت بحرِ اوقیانوس میں 4ہزار میل لمبی تار کے ذریعے امریکہ کو یورپ سے جوڑا جائے گا، فائبر آپٹک میں 160 ٹیرا بائٹس فی سیکنڈ تک منتقل کرنے کی گنجائش ہوگی۔
مائیکروسافٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ امریکا اور یورپ جیسے 2 بڑے نیٹ ورک ہب کو آپس میں جوڑنے کے بعد یہ کیبل آگے افریقہ، مشرق وسطیٰ اور ایشیا کو بھی جوڑ سکے گی۔ اس کو اس طرز پر ڈیزائن کیا جائے گا کہ مستقبل میں مزید نیٹ ورکنگ آلات بھی اس سے جوڑے جا سکیں۔ مائیکروسافٹ اور فیس بک کے اس مشترکہ منصوبے کو ماریا کا نام دیا گیا، جو رواں سال اگست میں شروع ہو کر اکتوبر 2017ء تک مکمل کیا جائے گا۔