اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) مالک فلم کی ملک بھر میں نمائش پر حکومت نے پابندی عائد کردی، وفاقی وزارتِ اطلاعات کی جانب سے فلم کا سرٹیفیکٹ منسوخ اور پابندی کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا۔
پاکستانی سنیما کا ترقی کی جانب سفر شروع ہوا ہی تھا کہ فلمی صنعت کو سنسر بورڈ نے پابندیوں کی زنجیریں پہنانی شروع کردی، وزارتِ اطلاعات کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق اردو فیچر فلم مالک کی ملک بھر میں نمائش پر پابندی عائد لگادی گئی، سنسر بورڈ کے مطابق فلم مالک میں جمہوری نظریے کے برخلاف عوامی نمائندوں کی تضحیک اور پختون قوم کے حوالے سے ہتک آمیز جملوں کی شکایات ملی تھیں۔
معروف اداکار اور فلم مالک کے ڈائریکٹر عاشر عظیم ردّعمل میں کہتے ہیں مالک فلم کے حقیقی پیغام سے توجہ ہٹاکر معاملے کو سیاسی اور لسانی رنگ دیا جارہا ہے، اصل مسئلے پر پردہ ڈالنے کیلئے آئی ایس پی آر کو اس معاملے میں ملوث کیا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ فلم مالک پر سب سے پہلے پابندی حکومتِ سندھ کی جانب سے پابندی لگائی گئی تاہم کچھ گھنٹوں بعد ہی پابندی کا فیصلہ واپس لے لیا گیا تھا، ٹوئیٹر پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے فلم کے مکالموں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہم آزادی اظہار پر یقین رکھتے ہیں اور فلم پر پابندی کی حمایت نہیں کرتے، تاہم لسانی تعصب کو ہوا دینے کی کوشش بھی قابل مذمت ہے۔