اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) حکومت اور اپوزیشن کی پارلیمانی کمیٹی کا پہلا اجلاس منعقد ہوا جس میں پانامہ لیکس کمیشن کے ٹی او آرز مرتب کرنے کا ابتدائی طریقہ کار طے کرلیا گیا۔
حکومت اور اپوزیشن کی مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کا پانامہ لیکس کی تحقیقات کے مجوزہ کمیشن کے ٹی او آرز مرتب کرنے کیلئے اجلاس منعقد ہوا، اجلاس اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے چیمبر میں ہوا۔ اجلاس میں اسپیکر ایاز صادق اور اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے خصوصی شرکت کی تاہم دونوں ہی شخصیات پارلیمانی کمیٹی کا حصہ نہیں ہیں۔
حکومت کی طرف سے اسحاق ڈار، خواجہ آصف، خواجہ سعد رفیق، انوشہ رحمان، اکرم درانی اور میر حاصل بزنجو جبکہ اپوزیشن کی طرف سے سینیٹ میں قائدِ حزبِ اختلاف اعتزاز احسن، شاہ محمود قریشی، صاحبزادہ طارق اللہ، طارق بشیر چیمہ، الیاس بلور اور بیرسٹر سیف نے شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق کمیٹی نے ٹی او آرز مرتب کرنے کیلئے کام کرنے کا ابتدائی طریقہ کار طے کرلیا، اپوزیشن نے بھی اپنے ٹی او آرز حکومتی ارکان کے حوالے کردیے ہیں جس کے بعد اجلاس کل صبح 11 بجے دوبارہ طلب کیا گیا ہے جس میں حکومت اور اپوزیشن کے نمائندے آمنے سامنے بیٹھ کر مذاکرات کریں گے جبکہ کمیٹی کی سربراہی کسی بھی فریق کو نہیں سونپی گئی۔
واضح رہےکہ ٹی او آرز مرتب کرنے کے لیے پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس 2 ہفتے تک جاری رہے گا۔