نیویارک (اسٹاف رپورٹر) تاریخ میں پہلی مرتبہ 23 مارچ کو یوم پاکستان کے حوالے سے اقوام متحدہ میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، محفل میں راحت فتح علی خان کی سحر انگیز گائیکی نے خُوب سماں باندھا۔
اقوامِ متحدہ کی تاریخ میں ایک نئے باب کا اضافہ ہوگیا ہے۔ یو این او جنرل اسمبلی میں یومِ پاکستان کی شاندار تقریب ہوئی جس میں استاد راحت فتح علی خان نے بے مثل پرفارمنس پیش کرکے سفارتکاروں سمیت دنیا بھر سے آئی شخصیات پر سحرطاری کردیا۔
راحت فتح علی خان نے سربکھیرے تو ہرشخص اُن کی دھُن پر جھومتا نظر آیا۔ انہوں نے غزلیں بھی پیش کیں جن میں عشقِ حقیقی کو انتہائی دلکش انداز میں اجاگر کیا گیا تھا۔ اس موقع پر گلوکار راحت فتح علی خان کا کہنا تھا کہ اقوامِ متحدہ میں دنیا بھر کے لوگ مسائل لے کر آتے ہیں مگر پاکستان امن کا پیغام لے کر پہنچا ہے جو انمول ہے۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کی مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے جنرل اسمبلی ہال میں یوم پاکستان کی تاریخی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ میں پاکستانی ثقافت پیش کرنے پر فخر کا احساس ہوا ہے، صوفی ازم دنیا میں منصفانہ معاشرے کے قیام کی علامت ہے، 140 سے زائد ممالک کے نمائندے ہمارا کلچر اور موسیقی دیکھنے اور سننے آئے۔
محفل میں مختلف ممالک کے سفارتکار اور اہم شخصیات جنرل اسمبلی میں موجود تھیں جبکہ ہال میں تل دھرنے کی جگہ بھی نہ تھی۔ کنسرٹ کے اختتام پر ہال پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونجتا رہا۔