اسلام آباد (نیوز ڈیسک) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ 24 نومبر کے احتجاج کی کال کا مقصد بانی سمیت تحریک کے بے گناہ کارکنوں کی رہائی اور آئین و قانون کی بالادستی ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ ان پر 100 سے زائد مقدمات قائم ہوچکے ہیں جن میں فارینرز ایکٹ کے مقدمات بھی شامل ہیں۔
عمر ایوب نے کہا کہ 2ماہ سے بانی تحریک انصاف سے ملاقات نہیں ہونے دی جارہی، کہا جاتا ہے کہ بانی تحریک انصاف سے سیاسی گفتگو نہیں کرسکتے۔
یاد رہے کہ اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں علیمہ خان نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کا پیغام ہے کہ 24 نومبر کو اسلام آباد کی طرف نکلنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت کو ہدایات دے دی گئی ہیں کہ کیا اور کس طرح کرنا ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ احتجاج کی تیاریاں مکمل ہیں، اس بار مطالبات کی منظوری تک واپس نہیں آئیں گے۔