کراچی (اسٹاف رپورٹر) دنیا بھر میں معروف میسجنگ ایپلیکیشن وائبر نے اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کا نیا فیچر متعارف کرادیا، اس فیچر کے تحت صارفین کی معلومات کو چرایا یا پڑھا نہیں جاسکے گا۔ جلد یہ فیچر عالمی سطح پر دستیاب ہوگا۔
وائبر کی جانب سے متعارف کردہ نئی اپ ڈیٹ ایپلیکشن کے ورژن 6.0 میں دستیاب ہوگی، جس کے باعث 700 ملین وائبر صارفین کا ڈیٹا محفوظ ہوجائے گا اور خود یوزر کے علاوہ کوئی اسے کوئی چُرا یا پڑھ نہیں سکے گا۔ وائبر کی جانب سے یہ اعلان اس وقت کیا گیا جب 2 ہفتے قبل واٹس ایپ نے اپنے ایک ارب سے زائد صارفین کے لیے اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کو متعارف کرایا۔
وائبرکمپنی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم اپنے صارفین کے تحفظ اور پرائیویسی کو بہت سنجیدہ لیتے ہیں اور یہ ہمارے لیے بہت ضروری ہے کہ یوزرز ہماری سروس کو استعمال کرتے ہوئے خود کو محفوظ اور پُراعتماد محسوس کریں۔ اس مقصد کے لیے ہم نے اس نئی اپ ڈیٹ پر کافی عرصہ کام کیا تاکہ صارفین کو ہر ممکن حد تک بہتر سیکیورٹی دستیاب ہوسکے اور وہ اپنے رابطوں پر مکمل کنٹرول حاصل کرسکیں۔ وائبر کے مطابق مختلف رنگوں کے کوڈ سسٹم کے ذریعے بتایا جائے گا کہ چیٹ کس حد تک محفوظ ہے۔