حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے رہنماء ایاز لطیف پلیجو کہتے ہیں پیپلزپارٹی کا وڈیرہ منہ میں جوتا رکھوا کے جرگے سے معافی منگواتا ہے، سندھ کے لوگوں کو صوبے کے حکمرانوں نے ڈبو دیا۔
گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے زیرِ اہتمام سیاسی جماعتوں کا کنونشن منعقد کیا گیا، کنونشن میں پیرپگارا، لیاقت جتوئی، ایاز لطیف پلیجو، ڈاکٹر ذوالفقار مرزا نے شرکت کی۔ کنونشن میں خطاب کرتے ہوئے عوامی تحریک کے سربراہ ایاز لطیف پلیجو نے سندھ حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا سندھ کے لوگوں کو سندھ کے حکمرانوں نے خود ڈبو دیا، نوشہرو فیروز میں پیپلزپارٹی کا وڈیرا منہ میں جوتا رکھوا کے جرگے سے معافی منگواتا ہے، میرپور خاص، ٹھٹھہ اور بدین کے دیہات کو مفادات کیلئے ڈبویا گیا۔ مرچیں، چاول اور گنّے کی قیمتیں مفادات کیلئے گرائی گئیں۔ پیپلزپارٹی نے این آر او کے ذریعے کئی دہشتگردوں کے کیسز معاف کرائے۔
ایاز لطیف پلیجو نے وفاقی حکومت پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف آپ نے سندھ کے لوگوں کو کیا دیا؟ سندھ میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ ہے، فصلوں اور پینے کیلئے پانی نہیں، سندھ میں نیب اور ایف آئی اے کیا کررہے ہیں۔ سندھ میں دوبارہ الیکشن کرائے جائیں، انتظار کررہے ہیں کہ چیف جسٹس ازخود نوٹس لیں۔