اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) دارالحکومت میں قومی اسمبلی میں مشترکہ اجلاس آج شام کو طلب کیا گیا ہے، اجلاس میں پاکستان ایئرلائنز کی نجکاری سمیت 7 بلز پیش کیے جائیں گے۔
پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس قانون سازی کیلئے اہمیت کا حامل ہے جس میں آئین میں دیئے گئے اختیارات کے تحت ارکان رائے شماری کے ذریعے مجوزہ قوانین کو رد یا منظور کرتے ہیں۔
پاکستان ایئرلائنز کی مجوزہ نجکاری کو سینٹ کی جانب سے مسترد کیے جانے کے بعد حکومت کے پاس پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلائے جانے کے سواء کوئی چارہ نہیں تھا لہذا آج شام 5 بجے قومی اسمبلی کا مشترکہ اجلاس بلایا گیا ہے جس میں حکومتی اراکین کی اکثریت کے پیشِ نظر باآسانی مجوزہ بلز کی منظوری کا قوی امکان ہے جبکہ 5 بلز اپوزیشن کی جانب سے تجویز کیے گئے ہیں۔ ان بلوں میں زنا بالجبر، غیرت کے نام پر قتل، نجکاری کمیشن، دورانِ حراست تشدد یا اموات اور سول سروس میں اصلاحات کے بلز شامل ہیں۔