اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) باچاخان یونی ورسٹی پر حملے کے شہداء کے لواحقین سے اظہارِ یکجہتی کی خاطر آج ملک بھر میں یومِ سوگ منایا جارہا ہے جبکہ تمام سرکاری عمارتوں اور دفاتر پر قومی پرچم سرنگوں ہے۔
پارلیمنٹ، ایوانِ صدر اور وزیراعظم ہاؤس اور صوبائی اسمبلیوں سمیت تمام سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں ہے۔ تاہم خیبرپختونخوا، سندھ، بلوچستان اور گلگت بلتستان میں صوبائی سطح پر 3 روزہ سوگ منایا جارہا ہے جبکہ پنجاب میں ایک اور آزاد کشمیر میں 2 روزہ سوگ کا اعلان ہے۔
ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں بھی سانحہ چارسدہ میں شہید ہونے والوں کی یاد میں دعائیہ تقاریب کا اہتمام کیا گیا ہے۔
دوسری جانب پنجاب بار اور سندھ بار کونسلز کی اپیل پر صوبے بھر میں وکلا برادری بھی یوم سوگ منانے میں شریک ہے جس کے سبب اہم مقدمات کے علاوہ دیگر تمام کیسز کی سماعت ملتوی کردی گئی ہے۔
ادھر وزیرداخلہ سندھ سہیل انور سیال کی خصوصی ہدایات پر کراچی میں پولیس دسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز میں بھی سانحہ چارسدہ پر دعائیہ تقاریب کا انعقاد کیا جائےگا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز چارسدہ میں باچاخان یونی ورسٹی پر4 دہشت گردوں کے حملے میں پروفیسرحامد حسین سمیت 20 افراد شہید ہوگئے تھے اور متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔ چاروں دہشتگرد سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مقابلے میں ہلاک ہوگئے تھے جبکہ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں افغانی موبائل سروس سمز استعمال کررہے تھے۔