چکوال (ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دو خاندانوں نے پاکستان کو 30سال لوٹا، جب تک جان ہے مقابلہ کروں گا.
انھوں نے وزیراعظم کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف کو دیکھیں ملک میں عذاب آیا ہوا ہے اور وہ دورے کررہے ہیں، کون سے ملک کا وزیراعظم اپنی عوام کو مشکل میں چھوڑ کر دورے کرتا ہے، انھوں نے کہا کہ شہباز شریف کو روس کے صدر کے ساتھ بیٹھ کر حرکتیں کرتے ہوئے سب نے دیکھا ہے، تین کروڑ سیلاب سے متاثر ہیں اور شہباز شریف اقوام متحدہ پہنچے ہوئے ہیں، بیرون ملک گئے تو کم از کم پاکستان کی عزت میں اضافہ ہی کردیتے، چوری کا آدھا پیسہ بھی لے آئو تو مانگنے کی ضرورت نہیں پڑے، شہباز شریف! ملکوں سے مانگنے کے بجائے جو پیسہ چوری کیا وہ ہی واپس لے آئے، خطاب کے دوران انھوں نے کہا کہ یو این سیکریٹری جنرل پاکستان آئے تو یہ ان سے پیسے مانگ رہے تھے، شہباز شریف ملک میں ڈرامہ بازی کرتے ہیں، اشتہارات میں کہتے ہیں ترقی ہوئی، آج سندھ میں عوام بے بس ہیں اور پیپلز پارٹی کو فکر ہی نہیں. ان کا کہنا تھا کہ کبھی چوروں کو تسلیم نہیں کروں گا،جب تک جان ہے مقابلہ کروں گا، جو یہ سمجھتے ہیں کہ عمران خاموش ہو کر بیٹھ جائے گا یہ ان کی غلط فہمی ہے، زرداری ، شہباز جیسی قیادت ہو تو ملک کا کوئی مستقبل نہیں، یہ لوگ کہتے تھے کہ بڑی مہنگائی ہے 5 ماہ میں انھوں نے مہنگائی کے ریکارڈ توڑ دیئے، وہ اخبار ، لفافہ صحافی کہاں ہیں جو کہتے تھے مہنگائی ہے اور اب خاموش ہیں، لفافہ صحافی اور لفافہ میڈیا ہاؤس نے میرے خلاف پراپیگنڈا کیا.