لاہور (اسٹاف رپورٹر) سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری کہتی ہیں جلد ایک فلم میں جلوہ گر ہوں گی، حکومت کی جانب سے سینئر فنکاروں کو اراضی اور مراعات دینی چاہیے۔
پاکستانی ٹی وی انڈسٹری کی سینئر فنکارہ بشریٰ انصاری نے فلم میں کام کرنے کی خواہش بھی پوری کرنے کی ٹھان لی، کہتی ہیں کہ جلد ایک فلم میں دیکھی جاسکوں گی، جس کو دیکھنے والے میرے کردار کو ضرور پسند کریں گے۔
خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بشریٰ انصاری نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فنکاروں کو مستقل طور پر اراضی اور دیگر مراعاتیں دینی چاہیے تاکہ فنکاروں کو احساس ہوسکے کہ معاشرے کے ساتھ ساتھ حکومتی سطح پر بھی اُن کی پذیرائی ہوتی ہے۔
بشریٰ انصاری نے مزید کہا کہ جس طرح نجی سطحی پر مختلف تنظیمیں فنکاروں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کیلئے تقریبات کا انعقاد کرتی ہیں اسی طرح حکومت کو بھی چاہیے کہ اپنے فنکاروں کو ان کا جائزہ مقام دینے کے لیے ان کے احترام میں پُروقار تقریب منعقد کرے تاکہ فنکاروں کو احساس ہو سکے کہ پاکستان میں بھی فن کی قدر کی جاتی ہے۔