واشنگٹن (اسٹاف رپورٹر) بم کی کھوج لگانے کیلئے کتوں کا استعمال کیا جاتا ہے تاہم ایک فوجی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ ہاتھی بہتر بارودی مواد کی موجودگی کو جانچ سکتے ہیں۔ امریکی محکمہ دفاع نے ہاتھیوں کی نسل کو بڑھانے کیلئے وسیع پیمانے پر فنڈنگ شروع کردی۔
معروف امریکی جریدے پاپولر مکینکس کے مطابق امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون میں اگر کسی سے محبت کی جاتی ہے تو وہ صرف جانور ہیں، یہی وجہ ہے کہ جنگی ہتھیار کے طور پر اُن پر بھاری بجٹ خرچ کیا جاتا ہے۔
کوالوراڈو یونیورسٹی کے پروفیسر کا کہنا ہے کہ ہاتھی دنیا کا وہ واحد جانور ہے جس کی حس دیگر تمام جانوروں میں سب سے زیادہ ہے اور دنیا بھر میں اسے بے مثال تسلیم کیا جاتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق دھماکا خیز مواد کو ہاتھیوں سے جانچنے کا خیال 2002ء میں انگولا خانہ جنگی میں سامنے آیا، جب لوگوں نے دیکھا کہ ہاتھی اُن علاقوں سے گریز کررہے تھے جہاں بارودی سرنگیں بچھی ہوئی تھیں۔ ہاتھی وہاں جانے سے ہمشیہ گریز کرتے ہیں جہاں کوئی دوسرا ہاتھی مردہ موجود ہو یا دھماکا خیز مواد پایا جاتا ہو، تجربات نے یہ بات درست ثابت کی اور اس انکشاف کے بعد سے فوج نے اس پر فنڈنگ شروع کردی۔