کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ کی ساحلی پٹی پر موجود تقریباً 2کلومیٹر سے زائد کا علاقہ زیرِ آب چھپ گیا، اس بابت سیٹلائٹ سے حاصل کردہ تصاویر کی مدد سے انکشاف ہوا۔
نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف اوشیانو گرافی کے منعقدہ سیمینار میں مینگروز کی کٹائی پر انتہائی تشویش کا اظہار کیا گیا، سندھ کے اطراف پھیلے ساحلی علاقوں سے غیرقانونی طور پر یومیہ 3 سے 4 لاکھ مالیت کے مینگروز کی کٹائی کا سلسلہ جاری ہے جس کی روک تھام کیلئے حکومت کی جانب سے سنجیدہ کاوشیں بروئے کار نہیں لائی جارہی ہیں۔
مینگروز کے جنگلات 1985ء سے اب تک 2 لاکھ 28 ہزار ہیکٹرز سے کم ہوکر صرف 73ہزار ہیکٹرز پر پہنچ گئے ہیں جبکہ مینگروز کی 8 میں سے اب صرف 3 اقسام ہی باقی رہ گئیں ہیں۔ آبی جنگلات کی بے دریغ کٹائی کے سبب مینگروز کی نسل آہستہ آہستہ ختم ہوتی جارہی ہیں۔