You are currently viewing آئی جی سندھ کی زیرصدارت اجلاس، اسٹریٹ کرائمز کی روک تھام پر غور

آئی جی سندھ کی زیرصدارت اجلاس، اسٹریٹ کرائمز کی روک تھام پر غور

کراچی (اسٹاف رپورٹر) آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے اسٹریٹ کرائمز کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کا سخت نوٹس لے لیا، اینٹی موبائل اسنیچ اینڈ تھیفٹ یونٹ کے قیام کیلئے محکمہ کے افسران سے سفارشات طلب کرلیں۔

تفصیلات کے مطابق پولیس ہیڈکوارٹر میں آئی جی اے ڈی خواجہ کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد کیا گیا، اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی سمیت دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی، اس موقعے پر آئی جی سندھ نے کہا کہ اسٹریٹ کرائمز کے تدارک کیلئے تمام تر اقدامات بروئے کار لائے جائیں اور ایسے علاقے جہاں اسٹریٹ کرائمز کی شرح زیادہ ہے وہاں پولیس کی نمایاں مقامات پر تعیناتی، اسنیپ چیکنگ اور ریکی کے عمل کو مؤثر بنایا جائے۔

اجلاس میں آئی جی سندھ نے اینٹی موبائل اسنیچ اینڈ تھیفٹ یونٹ کے قیام کیلئے افسران سے سفارشات طلب کرلیں۔

آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے منظم جرائم کیخلاف بھی سخت اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے ایرانی پیٹرول کی اسمگلنگ اور شہر میں جوئے کے اڈوں کا خاتمہ بھی یقینی بنانے کی تاکید کی۔ انہوں نے تنبیہہ کرتے ہوئے کہا کہ جن علاقوں کے ایس ایچ اوز سنگین اور منظم جرائم روکنے میں ناکام ہوئے اُن کے خلاف سخت محکمہ جاتی کارروائی کی جائے گی۔

اجلاس میں آئی جی سندھ نے شہر میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے اسکول، کالجز اور عبادت گاہوں کے اطراف حفاظتی اقدامات مؤثر بنانے کے احکامات جاری کیے۔

نیوز پاکستان

Exclusive Information 24/7