کراچی(اسٹاف رپورٹر) پانامہ انکشافات کے دلدل میں پھنسی مسلم لیگ ن کی قیادت کے خلاف تحریک انصاف کی جانب سے رائےونڈ میں دھرنا دینے کے اعلان کے بعد مسلم لیگ ن کی قیادت نے عمران خان کے خلاف میدان میں آنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی لندن رہائش گاہ کے سامنے مظاہرہ کرنے کے لیے تیاری شروع کردی۔ ذرائع کے مطابق پانامہ لیکس کے الزامات کے بعد عمران خان پر دباؤ ڈالنے کے لئے مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے گزشتہ روز لندن کے ایک ریسٹورنٹ میں بیٹھ کر عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر مظاہروں کا پروگرام مرتب کیا، مظاہرین میں پاکستانیوں اور پاکستانی نژاد برطانوی شہریوں کی شرکت یقینی بنانے کے لئے مختلف طریقہ کار استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔