جکارتہ (ویب ڈیسک) انڈونیشیا کے دارالحکومت میں متعدد بم دھماکے ہوئے ہیں جبکہ دہشتگردوں اور پولیس کے درمیان مقابلہ بھی ہوا ہے۔ دہشتگردوں کے حملوں میں 6 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں۔ صدر ممنون حسین نے انڈونیشیا میں ہونے والے بم دھماکوں کی شدید مذمت کی ہے۔
مسلح حملہ آوروں کی جانب سے 6 دھماکے کیے گئے جن میں خود کش حملے بھی شامل ہیں۔ دھماکے تھامرن کے علاقے میں سرینہ شاپنگ سینٹر کے باہر، صدارتی محل اور اقوامِ متحدہ کے دفتر کے پاس ہوئے ہیں۔ اس علاقے میں لگژری ہوٹلوں کے علاوہ دفاتر اور سفارت خانے بھی ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق سڑکوں پر لاشیں بکھری تھیں اور دھماکوں کے بعد پولیس اور نامعلوم حملہ آوروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔
جکارتہ میں 2009ء میں میریٹ اور رٹز ہوٹل میں ہونے والے حملوں کے بعد یہ پہلا بڑا حملہ ہے۔