کراچی (ڈیسک) 14اگست کو پاکستان کا یوم آزادی بھرپور طریقے سے منانے کے سلسلے میں شاندار انداز میں تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔
اس حوالے سے بچوں اور نوجوانوں میں خاصا جوش و خروش پایا جا رہا ہے ، قومی پرچم والے کپڑوں، ٹی شرٹس، کیپس، سبز ہلالی پرچموں، جھنڈیوں، اسٹیکرز اور دیگر سامان کی خریداری عروج پر پہنچ گئی ہے۔
جگہ جگہ بازاروں اور سڑکوں پر لگے اسٹالز نے جشن آزادی کی رونق کو دوبالا کردیا ہے، شہر بھر کی مارکیٹوں اور بازاروں میں جشن آزادی منا نے کیلئے خریداری کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے ۔
بچے بڑے، مرد و خواتین ہمہ قسم کے افراد اس دن کی مناسبت سے پرجوش نظر آ رہے ہیں، کوئی گھر پر لگانے کیلئے سبزہلا لی پرچم درکار خرید رہا ہے تو کسی کو سبز اور سفید رنگ کی لائٹ خریدنی ہے۔
شہری سبز ہلا لی پرچم کی مخصوص بنائی گئی جھنڈیاں اور آرائشی اشیا خریدنے کیلئے مارکیٹوں کا رخ کر رہے ہیں۔
شہر یوں کا کہنا ہے کہ اس بار مہنگائی کے تناسب سے ان اشیا کی قیمتوں میں گذشتہ برسوں کی نسبت نمایاں اضافہ ہوا ہے جس کی بنا پر عوام کی قوت خرید میں کمی واقع ہوئی ہے۔
