کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیرداخلہ سندھ نے ڈاکٹر عاصم حسین سے ملاقات کا اعتراف کرلیا تاہم انہوں نے تردید کرتے ہوئے کہا کہ سابق مشیرِ کو انہوں نے کوئی پیغام نہیں پہنچایا۔
وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال کہتے ہیں سابق مشیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم سے جناح اسپتال کے خصوصی وارڈ میں ملاقات خفیہ نہیں تھی بلکہ وہ خود وہاں اچانک پہنچے تھے، نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے اُنہوں نے مزید بتایا کہ سابق مشیر کے اہلخانہ نے شکایت کی تھی کہ شام کے بعد سیکیورٹی اسٹاف چلا جاتا ہے جس کے بعد میں اچانک ڈاکٹر عاصم سے ملنے گیا تاکہ سیکیورٹی چیک کرسکوں۔
وزیر داخلہ سندھ نے تردید کے ساتھ مزید وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹرعاصم کے پاس آصف زرداری کا کوئی خصوصی پیغام لے کر نہیں گیا، میرے ہمراہ پروٹوکول کی 2 ڈبل کیبن گاڑیاں بھی تھیں اور خود سرکاری گاڑی میں گیا تھا، بحیثیت نگراں جیل خانہ جات مجھے اُن کی سیکورٹی کی یقین دہانی کرنی تھی۔
واضح رہے کہ گزشتہ رات جناح اسپتال میں وزیرداخلہ سندھ نے ڈاکٹر عاصم سے ڈھائی گھنٹے ملاقات کی تھی، ذرائع کے مطابق ملاقات میں ڈاکٹر عاصم کو اُن کے دیرینہ رفیق سابق صدر آصف زرداری کا معاملات جلد حل کرنے کی یقین دہانی کا پیغام پہنچایا گیا۔
مزید پڑھیں : سہیل انورسیال اور ڈاکٹر عاصم کی ملاقات، سابق صدر کا پیغام ارسال